ایران کا بحر ہند میں مشقوں کے دوران کروز میزائل تجربہ
تہران(شِنہوا+نوائے وقت رپورٹ) ایرانی بحریہ نے بحرہند کے شمالی علاقوں میں فوجی مشقوں کے دوران نئے دیسی ساختہ کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ تسنیم نیوز ایجنسی نے جمعرات کے روز رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ان مشقوں میں بحریہ نے ایرانی وزارت دفاع کی جانب سے تیارکردہ نئے مختصر فاصلے اور طویل فاصلے کے کروز میزائلوں کے تجربات کیے۔ تسنیم نے رپورٹ کیا کہ ساحل سے سمندر اور سمندر سے سمندر میں مار کرنیوالے مختصر اور طویل فاصلے کے مختلف میزائلوں کو ساحلی لانچروں اور بحری جہازوں کی عرشوں سے بیک وقت فائر کیا گیا جنہوں نے انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا۔ یہ کہا گیا ہے کہ ایک قسم کے کروز میزائل نے 280 کلومیٹر کے فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنایا۔