کرونا: مزید 132 جاں بحق، پنجاب کے 2893 بچے وائرس میں مبتلا
اسلام آبادگوجرانوالہ ( وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی+ شہنوا) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال دن بدن تشویشناک ہوتی جارہی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 177 ہوچکی ہے جبکہ اموات 3165 تک جاپہنچی ہیں۔ وائرس کے مزید 5439 نئے کیسز اور 132 اموات کا اضافہ ہوا۔صوبہ سندھ میں آج کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 286 کیسز اور 48 اموت کی تصدیق ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 44 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 286 مثبت آئے، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 62 ہزار 269 ہوگئی۔ مزید 48 مریضوں کے انتقال کے بعد مجموعی تعداد 964 تک جا پہنچی۔صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 1899 نئے کیسز اور 53 اموات کا اضافہ ہوا۔24 گھنٹوں میں 1899 نئے کیسز آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 60 ہزار 138 ہوگئی۔اموات 1202 تک پہنچ گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا متاثرین کی تعداد 9 ہزار 637 ہوگئی جبکہ اموات بھی 94 تک پہنچ گئیں۔ 395 کیسز کا اضافہ۔ 24 گھنٹوں میں 4 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔خیبر پختونخوامحکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کرونا کے 569 نئے کیسز کی تصدیق، متاثرین کی تعداد 20 ہزار 182 ہوگئی۔ مزید 18 اموات، جاں بحق مریضوں کی تعداد 773 ہوگئی ہے۔ بلوچستان نے وائرس کے 204 نئے کیسز کی تصدیق، متاثرین کی تعداد 8998 ہوگئی۔ مزید 6 افراد دم توڑ گئے، اموات بڑھ کر 99 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں بھی 49 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی، مجموعی کیسز کی تعداد 1164 سے بڑھ کر ایک ہزار 213 تک جا پہنچیں۔ مزید یہ کہ ایک اور فرد کے کورونا وائرس سے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 17 سے بڑھ کر 18 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 37 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 703 سے بڑھ کر 740 ہوگئی جبکہ اموات 13 سے بڑھ کر 15 ہوگئیں۔ ملک بھر میں مزید 778 لوگ مکمل صحتیاب ہوگئے۔ مجموعی طور پر 59 ہزار 215 ہوگئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی خاتون جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا۔ عدالتی حکام کے مطابق جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ان کی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ کینسل کر دی گئی۔ عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 ججز کے سیکریٹریز، چیف جسٹس اطہر من اللہ کے ریڈر کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ عدالت عالیہ کے اسسٹنٹ رجسٹرار سول برانچ حاجی شاہد کے علاوہ افسران سمیت 15 ملازمین کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خلیل عباس کرونا سے جاں بحق ہو گئے۔ خلیل عباس کا کرونا ٹیسٹ 6روز پہلے مثبت آیا تھا۔ پاکستان میں ڈاکٹر کے نسخے پر کرونا مریض کیلئے ڈیکسا میتھازون فروخت کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ ڈیکسا میتھا زون انجکشن کے بارے میں معاون خصوصی ظفر مرزا کی ہدایت پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں۔ بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملک کے مختلف شہروں کے مزید علاقے بند کر دئے گئے ہیں۔ ان میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیرپی کے کے علاقے شامل ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 84 لاکھ 6 ہزار 62 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 51 ہزار 384 ہو گئیں۔ کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 35 لاکھ 36 ہزار 862 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 54 ہزار 449 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 44 لاکھ 15 ہزار 816 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا تاحال کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کرونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔ امریکا میں کرونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 19 ہزار 941 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 22 لاکھ 34 ہزار 471 ہو چکی ہے۔ برازیل کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 60 ہزار 309 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 46 ہزار 665 زندگیاں نگل چکا ہے۔ روس میں کل اموات 7 ہزار 478 ہو گئیں، چین نے نوول کرونا وائرس کے نئے کلسٹر کیسز سامنے آنے کے بعد اقدامات کی ایک فہرست شائع کی ہے تاکہ لوگوں کے باہر جانے پرقابو پایا جاسکے ،یہ بات جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتائی گئی ہے۔ بلدیاتی تحفظ عامہ بیورو کے نائب سربراہ اور ترجمان پان شوہونگ کے مطابق تین درجات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بیجنگ چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ پہلے درجے میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریض ،مشتبہ کیسز، قریبی روابط ،بغیر علامات والے افراد اور وہ لوگ شامل ہیں جن کو بخار ہے ،دوسرے درجے میں ان لوگوں کا احاطہ کیا گیا ہے جنہوں نے شِن فا دی ہول سیل فارم مارکیٹ کا دورہ کیا ہے یا جن کا 30 مئی کے بعد سے متعلقہ ملازمین سے قریبی رابطہ ہوا ہے ، تیسری درجے میں وہ لوگ شامل ہیں جو درمیانے اور انتہائی خطرات والے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ جن لوگوں کو شہر چھوڑنے کی حقیقی طور پر ضرورت ہوگی ان کے لئے گزشتہ سات دنوں کے دوران جاری کردہ منفی نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ کا سرٹییکیٹ لازمی ہے۔ شہری ہوابازی اور ریلوے محکموں نے بھی مصدقہ اور مشتبہ افراد کے لئے بیجنگ میں ٹکٹوں کی خریداری پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر زراعت گلگت بلتستان حاجی جانباز خان کرونا وائرس کے انتقال کر گئے۔ ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق جانباز خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ طبیعت خراب ہونے پر سٹی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔گوجرانوالہ ڈویژن میں 24 گھنٹوں کے دوران 6افراد جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر 101افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔ گوجرانوالہ کرونا کے بڑھتے کیسز، سمارٹ لاک ڈائون کو مزید سخت کردیاگیا‘ عملدرآمد کے لئے شہر میں رینجرز طلب کرلی گئی‘سیل کیے گئے علاقوں میں رینجرز تعینات کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ ٹائون، ماڈل ٹائون، پیپلزکالونی اور واپڈا ٹائون کے داخلی وخارجی راستوں پر رینجرز کے جوانوں نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ سیل کئے گئے علاقوں میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے جبکہ صرف مقامی لوگوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔ دوسری طرف واپڈا ٹائون کے مکینوں نے لاک ڈائون میں بے جا سختی اور مریضوں کیلئے آنے والے آکسیجن سلنڈر کی گاڑی کو روکنے پر پریشانی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کیلئے آکسیجن سلنڈرز کو روکنا کہاں کی دانشمندی ہے۔ کیا لاک ڈائون مریضوں کی جان لینے کے لئے لگایا گیا ہے جبکہ انتہائی ضروری کام کے تحت بھی کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔