پرائیویٹ لیبارٹریز کو لوٹ مار کی اجازت نہیں دے سکتے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پرائیویٹ لیبارٹریز کی جانب سے کرونا ٹیسٹ کیلئے مختلف نرخ مقررکرنے کا نوٹس لے لیا۔ عثمان بزدار نے آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے اورذخیرہ اندوزی کا بھی سخت نوٹس لیا ہے۔ عثمان بزدارنے پرائیویٹ لیبارٹریز کیلئے کرونا ٹیسٹ کرنے کی یکساں قیمت مقرر کرنے کاحکم دیا ہے اور صوبائی وزیرصحت اور سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرائیویٹ لیبارٹریز کو کرونا ٹیسٹوں کے نرخوں کے معاملے پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محکمہ صحت اور انتظامی افسراس ضمن میں فوری اقدامات کرے عوام کو ریلیف دیں۔ ہمیں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، پرائیویٹ لیبارٹریز کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ صوبے میں آکسیجن سلنڈر کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ہنگامی حالات میں آکسیجن سلنڈرکی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ عثمان بزدار نیہابر ڈوگر کی والدہ کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول پر نکیال اور باگسرسیکٹرز میں شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے4شہریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ عثمان بزدار نے ساہیوال کے علاقے گلستان کالونی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ سے بہاولپور پریس کلب کے صدرنصیر احمد ناصر اور سیکرٹری ریاض احمد بلوچ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور پریس کلب کیلئے10لاکھ روپے مالیت کا چیک دیا۔ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے حلقوں اورعلاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ حکومت پنجاب پورے صوبے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں اوران کے حلقوں کے مسائل پہلے بھی حل کیے، آئندہ بھی کریں گے۔ ہم نے مل کر عوام کی خدمت کرنی ہے۔ منتخب نمائندوں کے جائزکام ہر صورت ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ کرونا کا پھیلاو کم کرنے کے لئے عوام کا بھرپور تعاون بے حد ضروری ہے۔ زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ کرونا کیس ختم ہونے پر سیل شدہ علاقوں کو کھول دیا جائے گا۔ کرونا پر قابو پانے کیلئے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔حکومتی اقدامات کا مقصد عوام کی حفاظت ہے۔ عوام کی زندگیوں کی حفاظت اور مریضوں کے علاج معالجے کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ مزیدہائی ڈیپنڈنسی بیڈز رواں ماہ پنجاب حکومت کو مل جائیں گے۔ یہ امر افسوسنا ک ہے کہ اپوزیشن نے کورونا جیسی وباء کے دوران بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ اپوزیشن رہنماؤں کے سینے میں دل ہے نہ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ۔ ان عناصرکو خوف خداہے نہ عوام کی پروا۔ موجودہ غیر معمولی حالات میں انسانی زندگیوں پر پوائنٹ سکورنگ کرنیوالوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی۔