مراد شاہ کی ملاقات: کرونا سے متعلق اقدامات کر کے سندھ ماڈل صوبہ بن گیا‘ بلاول
اسلام آباد‘ کراچی (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کو بجٹ نکات سے متعلق آگاہ کیا اور بجٹ میں کرونا‘ ٹڈی دل اور غربت میں کمی کو ترجیح دی گئی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کرونا سے متعلق اقدامات کر کے سندھ ماڈل صوبہ بن گیا ہے۔ صحت کے شعبے میں نمایاں رقم مختص کر کے سندھ دیگر صوبوں اور وفاق کیلئے مثال بن گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے راولپنڈی کے نائب صدر محمد واجد ستی کے انتقال پر رنج و غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم محمد واجد ستی کے فرزند سعد واجد اور ان کے بھانجے سینئر صحافی وقار ستی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے محمد واجد ستی کی پارٹی کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی ایک وفادار اور ثابت قدم کارکن سے محروم ہوگئی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے واجد ستی مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا ہے کہ قیادت سے کارکنان تک پی پی پی 73 کے آئین کے تحفظ کیلئے جیلوں میں جانے کو تیار ہے، کروناوائرس کی وبائکے دنوں میں بھی ہم آئین کے تحفظ کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم 73 کے آئین کی کسی بھی شق کی چھیڑچھاڑ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔