بھارت کا سلامتی کونسل کارکن بنیادی مودی کے یاروں کی مہربانی: شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بھارت کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کامیابی سے مظلوم اور قانون پسند انسانوں کو اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر سے متعلق منفی پیغام ملا ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور اقوام متحدہ کے منشور، عالمی قانون کی دھجیاں اڑانے والے ملک کی کامیابی افسوسناک ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے نامزدگی میں بھارت کی حمایت کرکے پاکستان اور کشمیر کے عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔ بھارت کا سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن بننا مودی کے یاروں کی مہربانی ہے۔ بھارت کے مقابلے میں متبادل نامزدگی کی کوششیں نہ ہونا سفارتی محاذ پر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔ 5 اگست2019 کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی اقدامات کے بعد یہ عہدہ بھارت کو ملنا اقوام متحدہ کے ماتھے پر سیاہ داغ ہے۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ جتنا زور ملک میں اپوزیشن کے خلاف لگاتے ہیں، بھارت کے خلاف مظاہرہ کرتے تو بھارت کا راستہ روکا جاسکتا تھا۔ شہباز شریف نے وزراء اعلیٰ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ مہنگائی اور افراط زر کو دیکھتے ہوئے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خصوصی اضافہ کیا جائے۔ بجٹ سازی میں مشکلات کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خصوصی اضافہ کیا جائے۔ شہباز شریف نے گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت دو اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔