فیصلے کا خیر مقدم‘ عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: متحدہ اپوزیشن
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ اپوزیشن نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ ریفرنس بنانے والے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان استعفی دیں۔ یہ مطالبہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، اے این پی، جمیعت علماء اسلام (ف)، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، میر حاصل خان بزنجو کی نیشنل پارٹی نے مشترکہ بیان میں کیا ہے۔ بیان کے مطابق اپنے فیصلے کے ذریعے دستور و قانون کی حکمرانی کی سربلندی اور اس کی حفاظت پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک بھر کی وکلاء برادری کو مبارک پیش کرتے ہیں، پاکستان بار کونسل، صوبائی بار کونسلز کو ان کے شاندار کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن نے بیان میں کہا کہ وکلا برادری نے ایک بار پھر ایک نازک موڑ پر تاریخی کردار ادا کیا ہے۔