• news

بجٹ کے بعد کھانے پینے کی 22اشیاء مہنگی، رواں ماہ برآمدات میں اضافہ متوقع : ادارہ شماریات

لاہور (کامرس رپورٹر) بجٹ کے اعلان کے بعد پہلے ہفتے کے دوران ہی مارکیٹ میں آٹے، چاول، چکن، ٹماٹر، آلو، پیاز، دودھ، دہی اور گوشت سمیت کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی 22 بنیادی اشیاء مہنگی ہو گئیں۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی 22 اشیا کی قیمت میں 39 فیصد تک اضافہ رکارڈ کیا گیا جس سے مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 1.02 فیصد اضافے سے 9.9 فیصد تک پہنچ گئی۔ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 39 فیصد، سرخ مرچ کی قیمت میں دس فیصد، آٹے کی قیمت میں 5 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا۔ آلو، پیاز، چکن،گوشت، تازہ دودھ اور دہی بھی مہنگا ہو گیا۔ کپڑے کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی 51 بنیادی اشیا میں سے 39 گزشتہ سال کے مقابلے میں 82 فیصد تک مہنگی فروخت ہوئیں ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 9.9 فیصد رہی تاہم غریب اور مڈل کلاس کو مہنگائی کا زیادہ بوجھ اٹھانا پرا۔ان کے لیے قیمتوں میں اضافے کی شرح 14.4 فیصد رکارڈ کی گئی۔عالمی اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی سے رواں ماہ ملکی برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔ مئی 2020 ء کے دوران کرونا کے باعث ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 36.5 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ اپریل 2020ء کے دوران برآمدات 64.5 فیصد کم ہو گئی تھیں جو گزشتہ 17 سال میں کسی ایک ماہ میں سب سے کم برآمدات تھیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار پرمبنی رپورٹکے مطابق مئی 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات 751.128 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ مئی 2019ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 1.185 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح مئی 2019ء کے مقابلہ میں مئی 2020ء کے دوران برآمدات میں 36.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اپریل 2020ء میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 403.834 ملین ڈالر کی ریکارڈ سطح تک کم ہوئی تھیں۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا کے بعد لاک ڈائونز میں نرمی اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے اپریل کے مقابلہ میں مئی کے دوران برآمدات میں اضافہ خوشگوار ہے اور توقع ہے کہ جون میں برآمدات اور بڑھیں گی۔ پی بی ایس کے مطابق فروری 2020ء کے دوران کپڑے اور ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 17 فیصد نمایاں اضافہ ہوا تھا تاہم مارچ کے دوران کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے برآمد متاثر ہوئیں جو اپریل میں64 فیصد سے زیادہ کم ہو گئیں تاہم مئی 2020ء میں برآمدات میں بحالی سے توقع ہے کہ آنے والے مہینوں کے دوران برآمدات میں بتدریج اضافہ ہوگا اور حکومت ٹیکسٹائلز برآمدات میں اضافہ کے اہداف حاصل کرنے میںکامیاب ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن