• news

اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں‘ بجٹ آسانی سے منظور ہو جائیگا: گورنر

لاہور‘ راولپنڈی(نیوز رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کوئی خطرہ نہیں انشاء اللہ مرکز اور پنجاب میں بجٹ آسانی سے منظور ہو جائے گا کیونکہ بجٹ کی منظوری کیلئے اتحادی جماعتیں بھی حکومت کیساتھ ہیں۔ حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار چینی اور آٹا سکینڈلز کی شفاف تحقیقات کروائی ہیں اور نیب سمیت متعلقہ ادارے مکمل آزادی کے ساتھ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کریں گے۔ ملک میں شفافیات اورآئین و قانون کی حکمرانی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وہ جمعہ کے روز مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اتحادیوں کے معاملے پر حکومت سب کے ساتھ رابطوں میں ہے۔ اپوزیشن کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت وعدے کے مطابق ملک میں نیب سمیت تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہی ہے اور اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں کرونا بے قابو ہو چکا ہے اور اسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ عوام نے کرونا کو سنجیدہ نہیں لیا مگر اب تمام طبقات کو متحد ہونا چاہیے اور جو بھی لوگ کرونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے وہ سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ای کامرس پاکستان کا مستقبل ہے۔ حکومت آئی ٹی شعبے اور ای کامرس کی ترقی کے لیے پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام ASPIREکانفرنس کی پری لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد قابل تعریف اوروزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی طرف اہم قدم ہے۔ باقی چیمبرز کو بھی اس کی تقلید کرنی چایئے۔ اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ ASPIRE بزنس کانفرنس کا مقصد ای کامرس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس ستائیس جون کو ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صد ر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش، پرویز احمد وڑائچ، شاہریز ملک اور ایڈوائزر چوہدری عنصر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن