چین کیساتھ کشیدگی، بھارتی سیاست کئی دھڑوں میں تقسیم ہو گئی
اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) بھارت چین کشیدگی کے معاملے پر بھارتی سیاست واضح طور پر کئی دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔ مودی نے گذشتہ روز جو آل پارٹیز کانفرنس بلائی اس میں روایت کے برعکس کئی پارٹیوں کو دعوت ہی نہیں دی گئی۔ کئی بڑی علاقائی جماعتوں کو اس کانفرنس میں نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں برسرِ اقتدار عام آدمی پارٹی، لالو پرساد یادو کی راشٹریے جنتا دل، جھارکھنڈ میں حکومت کرنے والی جھارکھنڈ مکتی مورچا، اسد الدین اویسی کی مجلس اتحاد المسلمین اور چندر بابو نائیڈو کی تیلگو دیشم پارٹی کو کانفرنس میں شمولیت کی دعوت ہی نہیں دی گئی۔ ایک قومی معاملے پر یوں دھڑے بندی کرنے پر نریندر مودی اور آر ایس ایس پر بھارت کے اعتدال پسند حلقوں کی جانب سے کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ عموماً آل پارٹیز کانفرنس کے ضمن میں یہ روایت رہی ہے کہ کئی صوبوں میں برسراقتدار علاقائی جماعتوں کو اس میں شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے مگر اس مرتبہ نریندر مودی کی جانب سے کئی قد آور رہنمائوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔