ایران مخالف معاہدہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کا نظام تباہ کردیگا: چین
ویانا (اے پی پی+ این این آئی) عالمی ایٹمی ادارے کے بورڈ آف گورنرز میں چینی نمائندے نے خبردار کیا ہے کہ ایران مخالف معاہدہ نہ صرف جوہری معاہدے کو بلکہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے نظام کو بھی تباہ کر دے گا۔ بین الاقوامی تنظیموں میں چین کے نائب سفیر وایشنگ دای نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایران کے جوہری معاہدے کو بچانا اور اس پر عمل در آمد ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کے مسئلہ کو حل کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کو یکطرفہ غنڈہ گردی قرار دیا جس سے تناؤ پیدا ہوا ہے۔ چینی عہدیدار نے امریکا سے جوہری معاہدے میں کیے گئے اپنے وعدوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران اور عالمی توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کے درمیان متنازعہ معاملات پر اتفاق رائے سے ایران کی جوہری تنصیبات کی معائنہ کاری ممکن ہے۔ اگر عالمی توانائی ایجنسی اور ایران کے درمیان اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو ایران عالمی معائنہ کاروں کو متنازع تنصیبات کی معائنہ کاری کی اجازت دینے کے لئے تیار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئٹر پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان کسی مناسب اور معقول حل تک پہنچنا ممکن ہے جس کے بعد عالمی توانائی ایجنسی کو ایران کی دو جوہری تنصیبات تک رسائی کی اجازت مل سکتی ہے۔