پاک بحریہ نے ہائیڈروگرافی کا عالمی دن جوش و خروش کے ساتھ منایا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت )پاک بحریہ نے ہائیڈروگرافی کی اہمیت، بلو اکانومی کی افادیت کو اجاگر کرنے اور قومی استعدکار کو بڑھانے کی ضرورت پر آگہی فراہم کرنے لئے ہائیڈروگرافی کا عالمی دن جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ ہر سال 21 جون کو ، ہائیڈرو گرافی کا عالمی دن بین الاقوامی ہائیڈرو گرافک آرگنائزیشن کے زیراہتمام ، عالمی سطح پر ہائیڈرو گرافی کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور کھلے سمندروں، بندرگاہوں اور دنیا کے دیگر سمندری علاقوں میں محفوظ نیویگیشن کے لئے اس شعبہ میں کئے گئے کام کو سراہنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ اس سال کے ہائیڈروگرافی کے عالمی دن کا عنوان ہائیڈروگرافی۔ خود کار ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانا ہے۔ جس کا مقصد ہائیڈروگرافی کے عمل میں خودکار ٹیکنالوجیز کے استعمال کو بہتر بنانے اور ہائیڈروگرافی میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ ہائیڈرو گرافی کے شعبے میں جدت لانے کے لئے خود کار طریقے سے کام کرنے والے پلیٹ فارم جیسا کہ سطح سمندر پر کام کرنے والی خود کار گاڑیاں (اے ایس وی) اور بغیر پائلٹ کے کام کرنے والے فضائی پلیٹ فارم(یو اے وی)جو لیزر پر مشتمل ہائیڈروگرافک آلات سے لیس ہوتے ہیں اور ہائی ریزولوشن اور ہائیڈروگرافک سروے کرنے کے لئے استعمال ہوسکتے ہیں۔پاکستان کو قدرت نے 1000 کلو میٹر سے زیادہ کی ساحلی پٹی اور سمندر میں تقریبا دو لاکھ نوے ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے سے نوازا ہے۔ پاکستان کی حجم کے لحاظ سے نوے فیصد سے زیادہ جبکہ قدر کے لحاظ سے 70فیصد سے زائد تجارت بحیرہ عرب کے راستے کی جاتی ہے۔ سمندری قانون (یو این سی ایل او ایس) اور سیفٹی آف لائف ایٹ سی (ایس او ایل اے ایس) سے متعلق کنوینشنز کے مطابق ، دیگر ساحلی ریاستوں کی طرح ، پاکستان بھی سمندری چارٹ / نقشوں کو تشکیل دینے ہائیڈروگرافک سروے کرنے اور حاصل شدہ درست معلومات اپنے علاقے میں سفر کرتے ہوئے تجارتی بحری جہازوں کو فراہم کرنے کا پابند ہے۔ پاک بحریہ کا ہائیڈروگرافک ڈیپارٹمنٹ اس سلسلے میں سارا سال سمندری راستوں میں سفر کرتے ہوئے بحری جہازوں کو تازہ ترین معلومات فراہم کر کے اپنی اس بین الاقوامی ذمہ داری کو بخوبی نبھا رہا ہے۔ پاک بحریہ ہائیڈروگرافی کے شعبے میں عالمی طور پر متعارف کروائے گئے جدید رجحانات سے مکمل آشنا ہے اور جدید تقاضوں کو پورا کرنے کی غرض سے بحریہ نے حال ہی میں اپنے وسیع بیڑے میں ایک نئے سروے شپ پی این ایس بحر مساح کو شامل کیا ہے۔ یہ جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ ہائیڈروگرافک ، فزیکل اوشنوگرافک اور جیو فزیکل سروے انجام دینے کے لئے جدیدآلات سے لیس ہے۔ پاک بحریہ کا ہائیڈروگرافک ڈیپارٹمنٹ زیر سمندر اشیا کی کھو ج لگانے اور کوسٹل ٹوپوگرافک سروے کرنے کے لئے خودکارپلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلا رہا ہے۔ پاک بحریہ ، ملک کے قومی ہائیڈروگرافک ڈومین کا واحد ذمہ دار ادارہ ہونے کے ناطے ہائیڈروگرافی کے دن کو جوش و خروش سے مناتی ہے۔ اس ضمن میں رواں سال متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جس میں ہائیڈرو گرافی کی اہمیت اور عوام میں اس شعبے سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف تقاریب، لیکچرز اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں سوشل میڈیا نے ایک اہم کردار ادا کیا۔ کورونا وائرس وبا سے پیدا ہونے والے بحران کے پیش نظر سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے آگہی مہم کو موثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے جن میں بینرز آویزاں کرنا، پیمفلٹس کی تقسیم، آگہی پر مبنی آرٹیکلز کی اشاعت اور موضوع کی مناسبت سے دستاویزی فلمیں نشر کرنا شامل ہے۔ اس طرز کی سرگرمیاں عام لوگوں میں ہائیڈروگرافی سے متعلق شعوروآگہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔