• news

اپوزیشن کا کام صرف تنقید، عام آدمی کی مشکلات کا ازالہ ترجیح ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے۔ پنجاب بجٹ میں کمزورطبقے کے تحفظ کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ 56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف پنجاب کی تاریخ میں پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا۔ مشکل حالات کے باوجود ٹیکس ریلیف سے صوبے میں کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ غیر ضروری اخراجات کم کئے گئے ہیں۔ اپوزیشن کا کام صرف تنقید برائے تنقید رہ گیا ہے۔ اپوزیشن والے اپنے دور میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دیتے رہے۔ سابق حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔ ماضی میں صوبے کے عوام کو خالی نعروں سے بہلایا گیا۔ عوام کھوکھلے نعرے نہیں، عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مون سون سیزن سے قبل اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی سے حفاظتی انتظامات کے بارے میں جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دریائوں میں پانی کی صورتحال کو ابھی سے مانیٹر کیا جائے۔ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ صوبائی ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ صوبائی اور وفاقی محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھ کر کام کریں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں ہر طرح سے پوری رکھی جائیں۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ کاغذی کارروائی نہیں چلے گی۔ پیشگی انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شمالی و جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے گیروم کے قریب سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حملے میں شہید کیپٹن صبیح اور سپاہی نوید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا ء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے معروف عالم دین مفتی محمد نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مفتی محمد نعیم مرحوم نے ساری زندگی دین اسلام کی خدمت کی اور وہ ایک بلند پایہ عالم تھے۔ مفتی محمد نعیم مرحوم کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن