بھارت بدمعاش ریاست، اپوزیشن این آر او چاہتی ہے: شبلی فراز
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ان کی قیادت اور مسلم لیگ (ن) اور ان کی قیادت سیاست کھیل رہی ہے، کرونا وائرس کے حوالہ سے وفاقی سطح پر جتنے بھی فیصلے ہوتے ہیں اس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بیٹھے ہوتے ہیں اور وہ کراچی جاکر سیاست کرتے ہیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ حالات خراب ہوں، معیشت بیٹھ جائے اور یہ حکومت پر دبائو ڈالنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے جو کرپشن کی ہوئی اس کے لئے انہیں این آر او مل جائے، ہماری تشویش صرف یہ ہے کہ اپوزیشن مخلص نہیں، صوبوں سے پوچھا جانا چاہئے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد پانچ برس میں صحت کے شعبہ میں کتنا پیسہ خرچ کیا گیا، سندھ میں گذشتہ پانچ سال کے دروان پانچ ہزار ارب روپے صحت کے شعبہ میں خرچ ہوئے اور یہ دکھایا جائے وہ خرچ کہاں کیا، آیا وہ لیڈروں کی جیبوں میں گیا یا عوام پر لگا۔ ان خیالات کا اظہار شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے یا بدقسمتی سے کرونا وائرس صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں آیا ہے اور اگر دنیا میں عمران خان سے زیادہ اچھی قیادت کسی کی رہی ہے تو اس کی مثال دی جائے۔ ہمارے پاس انفراسٹرکچر کہاں تھا، ہمارے پاس صرف دو لیبارٹریاں تھیں جو اب 126پر پہنچ گئی ہیں، ہمارے پاس 2800 وینٹی لیٹرز تھے جو اب4800 ہو گئے ہیں اور 1400 مزید آ رہے ہیں۔ اب اس بحث کو چھوڑ دیں لاک ڈائون ہونا چاہئے یا نہیں ہونا چاہئے۔ یہ بحث گزر گئی، ہم نے صحیح فیصلہ کیا۔ شبلی فراز نے بیان میں کہا ہے کہ مودی کی قیادت میں بھارت ایک بدمعاش ریاست بن چکا ہے۔ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ مودی کا مقصد بدترین معاشی و سیاسی مسائل سے اپنے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ مودی خطے میں مہم جوئی اور عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔