• news

چیئرمین سینٹ، 8بلوچ سینیٹرز کی ملاقات‘ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے: گورنر پنجاب

لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں8سینٹرز سمیت بلوچستان کے وفد کی ملاقات۔ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی، حکومتی اور سیاسی امور سمیت دیگرا یشوز پر بات چیت کی گئی۔ اتوار کے روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس لاہور میں چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی، سینیٹرز سرفراز بگٹی، شاہ زیب دورانی، احمد خان، منظور کاکڑ، انوار الحق کاکڑ، نصیب اللہ، سینٹر اشوک کمار، چیئر مین سینٹ کے پرنسپل سیکرٹری حماد خان مری سمیت دیگر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں اپنے اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ پنجاب بھی ہر مشکل وقت میں اپنے بلوچ بھائیوں کیساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ کرونا بحران میں بھی ہم اپنے بلوچی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہم سب ملکر پاکستان کو ترقی یافتہ خوشحال اور مضبو ط بنائیں گے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن صبیح اور سپاہی نویدکی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا فوجی قافلے پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دریں اثناء ایک بیان میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا سے بچا کیلئے عید الاضحی پر جامع اور سخت حکمت عملی لازم ہوچکی ہے۔ کرونا آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے خود اور دوسروں کو کرونا کا شکار کر رہے ہیں، اس سلسلے میں غیر سنجیدگی تباہی ہوگی۔ موجودہ حالات میں کرونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ کیونکہ مویشی منڈیاں کرونا وبا میں خطرناک اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن