اسلامی جمہوری اتحاد کا سودی نظام کیخلاف بھرپور تحریک کا اعلان
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے ملک سے ''سودی نظام ''کے خاتمے کیلئے بھر پور تحر یک شروع کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اللہ اور اس کے رسول کے نام پر بنا ہے اور برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دے کر خدا اور مصطفی کے نام پر یہ مملکت قائم کی‘ سود اللہ تعالیٰ اور اسکے رسولؐ کے ساتھ جنگ ہے جو حکمران‘ بیوروکر یسی‘ اراکین پارلیمنٹ اور مذہبی جماعتوں کی قیادت بھی اس جنگ میں برابر کی شریک ہے 'صرف مالی سال 2020/21 کے دوران 2946ارب روپے حکومت سود کی مد میں اداکریگی جو کہ پاکستان کے دفاعی بجٹ کی رقم کے مقابلے میں ڈبل سے بھی زیادہ ہے۔ ہزاروں غریب افراد خود کشیاں کر رہے ہیں۔ مائیں بچوں سمیت زندگی کا خاتمہ کر رہی ہیں۔ جب تک سودی نظام کا خاتمہ نہیں ہوگا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت پاکستان کے تمام اخراجات 476 ارب ہیں جس سے چھ سو فیصد زیادہ ہم سود ادا کرتے ہیں۔ جو دس فیصد بیرونی قرضوں اور نوے فیصد اندرون ملک قرضوں پر دیا جاتا ہے۔ وہ آج اتوار کے روزجامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان میں شامل جماعتوں کے سر براہی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ جب تک سود کا نظام موجود ہے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ایک خواب ہی رہیگا وقت آچکا ہے کہ حکمران اللہ اور اسکے رسول کیساتھ جنگ ختم کر نے کیلئے فوری طور پر سودی نظام ختم کر نے کیلئے پار لیمنٹ میں قانون سازی کر یں۔ ہم حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے حلف سے وفاداری کرتے ہوئے سودی نظام کے خاتمے کی اس جنگ میں اپنا حصہ ڈالیں اور پار لیمنٹ میں آواز بلند کریں۔