• news

پٹرول بدستور نایاب‘ بلیک میں فروخت پر نارنگ منڈی میں احتجاجی مظاہرہ

نارووال‘ نارنگ منڈی‘ ننکانہ صاحب (نامہ نگاران) پٹرول کی مصنوعی قلت سے پیدا شدہ بحران بدستور 21ویں روز بھی برقرار رہا۔ نارنگ منڈی میں پٹرول نہ ملنے اور بلیک میں فروخت کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ نارووال پیٹرول پمپوں نے رات کے پچھلے پہرمنی پیٹرول پمپس کو مہنگا تیل فروخت کرنا شروع کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ مافیا کے آگے بے بس ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پچھلے21روز سے جاری بحران تاحال ختم نہ ہوسکا البتہ چھوٹے دکاندار بوتلوں میں بھر کر120سے150روپے لٹر دھڑلے سے فروخت کر رہے ہیں۔ پٹرول پمپس پر دستیاب نہیں۔ نارنگ منڈی و گردونواح کے پٹرول پمپوں پر تیل نہ ملنے پر عوام کا شدید احتجاج لوگ پٹرول کو ترس گئے۔ مظاہرین نے بتایا کہ21 روز گزر چکے ہیں پٹرول نہ ملنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ منی پٹرول پمپوں پر تیل موجود ہے جو پٹرول پمپ مالکان کو بلیک میں فروخت کر رہے ہیں اور منی پٹرول پمپ والے مکمل من مانی کر کے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود بھی ننکانہ صاحب سے دیگر اضلاع کو چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ آسکی۔فائدہ صرف بڑے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کوملنے لگا۔مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے یکم جون کو پٹرولیم مصنوعات میں واضع کمی تو کر دی گئی ہے مگر اس کا فائدہ عام آدمی کو پہنچنے کی بجائے صرف بڑے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو ہی پہنچا ہے، علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے تین ہفتوں بعد ہی شہر بھر کے پٹرول پمپوں پر پٹرول کی سپلائی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی ہے جس کے باعث لوگ پٹرول کے حصول کے لئے بھی ذلیل و خوار ہو رہے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن