• news

لندن: چاقو حملے میں 3 افراد کی ہلاکت‘ دہشتگردی قرار‘ مشتبہ ملزم لیبیائی نوجوان گرفتار

لندن‘ ریاض (شہنوا+صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) انگلینڈ کے جنوبی علاقے ریڈنگ میں چاقو کے حملے میں تین افراد کے قتل اور تین کے شدید زخمی ہونے کے واقعے کو دہشت گردی کا معاملہ تصور کیا جا رہا ہے۔ لندن سے 65 کلومیٹر دور مغرب میں واقع ریڈنگ کے پارک میں ہفتے کی شام چاقو سے لوگوں کو زخمی کرنے کی واردات کے بعد ایک 25 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی حراست میں موجود شخص کا تعلق لیبیا سے ہے۔ تھیمز ویلی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ انسداد دہشت گردی پولیس تصدیق کرتی ہے کہ چاقو مارنے کا واقعہ ریڈنگ میں گزشتہ رات رونما ہوا جسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دے دیا گیا ہے۔ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ لیبر لیڈر کیئر سٹارمر نے انتہائی تشویش ظاہر کی ہے۔ سعودی عرب نے انگلینڈ کے شہر ریڈنگ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے متاثرہ اہلخانہ‘ برطانوی وزیراعظم اور عوام سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن