کرونا وائرس کے باعث آسکر ایوارڈ کے قواعد و ضوابط تبدیل
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے بحران کے باعث سال 2021 ء کے لیے آسکر ایوارڈز کے قواعد و ضوابط بدل دیئے گئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 2021ء کے آسکر ایوارڈ میںکورونا وائرس کی وبا کی وجہ سینیما میں ریلیز نہ ہونے والی فلمیں بھی شامل ہوں گی اور اس نئے قانون کا اطلاق صرف ایک سال کے لیے ہوگا۔ واضع رہے کہ اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز صرف ایسی فلموں کو آسکر ایوارڈز کے مقابلے کے لیے اہل سمجھتی ہے جن کی نمائش لاس اینجلس کے سنیما گھروں میں کم از کم 7 دن تک ہو چکی ہو۔کورونا وائرس کی وجہ سے بہت سی فلموں کو سٹریمنگ سائٹس پر پیش کیا گیا ۔ نئے قانون کے مطابق سال2021 ء میں ہونے والے 93ویں ایوارڈز کے لیے ایسی فلمیں بھی اہل ہوں گی جن کی نمائش سنیما گھروں میں پہلے سے طے تھی اور جو اب کمرشل سٹریمنگ پر موجود ہیں۔