بلاول کی تنقید پر شہباز گل جیکب آباد کے ہسپتال پہنچ گئے‘ اندھیرا ‘ گندگی کے ڈ ھیر
جیکب آباد‘ اسلام آباد (آن لائن‘ وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن اور بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، جیکب آباد سول ہسپتال کے وارڈز میں اندھیرے اور گندگی کی حکمرانی ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت صرف پریس کانفرنس اور بیانات تک محدود ہے اور وفاق پر الزامات کو کارکردگی سمجھتی ہے جب کہ وفاقی حکومت پاکستان بھر میں مالی امداد، وینٹی لیٹرز اور ضروری سامان فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جیکب آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے دورے کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے وزیراعظم کو چیلنج کیا تھا کہ سندھ کے ہسپتال ملک کے بہترین ہسپتال ہیں جس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج کا جواب دیتے ہوئے جیکب آباد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کرکے وہاں ویڈیو ریکارڈ کرکے ہسپتال کی حالت زار کو منظر عام پر لے آئے۔ جیکب آباد سول ہسپتال کے دورے کے موقع پر شہباز گل نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر جاری کئے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اپنی آنکھوں سے دیکھ آیا کہ سندھ کے ہسپتالوں سے بہتر تو بلوچستان کے ہسپتال ہیں، بلاول میاں، جیکب آباد ڈسٹرکٹ کا سب سے بڑا ہسپتال کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں کرونا تو دور کسی عام مرض کا علاج بھی ممکن نہیں ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل سنٹر (جے پی ایم سی) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ویسکولر ڈزیز (این آئی سی وی ڈی) کی بات کی تھی جو کو سمجھنے کا شعور عمران خان ہی نہیں رکھتے تو شہباز گل تو چھان بورا ہیں۔ شہباز گل بجائے ان اداروں کو دیکھنے کے جیکب آباد شہر پانچ سال سے بند پڑے ہسپتال پہنچ گئے۔ قادر پٹیل نے کہا کہ اگر شہباز گل سکھر میں قائم این آئی سی وی ڈی دیکھتے تو اپنی جعل سازی پر ضرور شرمسار ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال لوگوں کے دئیے ہوئے چندے، خیرات و زکوۃ اور صدقے میں ملنے والی رقوم سے بنایا جس کو اپنے روزگار اور معاشی ترقی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ شوکت خانم ہسپتال قومی تحویل میں دے دے۔