کرونا بحران کو ایک بہتر دنیا کی تشکیل میں بدلنا ممکن ہے:عالمی اقتصادی فورم
جینوا(نوائے وقت رپورٹ) عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور انتظامی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر کلاز شواب نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے بحران کو ایک بہتر دنیا کی تشکیل میں بدلنا ممکن ہے۔ تاہم اس کیلئے ہمیں مشترکہ اور فوری اقدامات درکار ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک حالیہ آرٹیکل میں کہی ہے۔ ڈاکٹر کلاز شواب نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے حوالہ سے اقدامات کے بعد ہم تبدیلیاں ہم دیکھ رہے ہیں، اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ دنیا کی اقتصادی اور سماجی بنیادوں کو نئے سرے سے استوار کرنا ممکن ہے۔ اس کیلئے پروفیسر شواب نے ‘’گریٹ ری سیٹ’’ کی اصطلاح استعمال کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ داری نظام کے سٹیک ہولڈرز کیلئے ہمارے پاس بہتر موقع ہے۔ کلاز شواب نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کیلئے لاک ڈاؤن میں اگرچہ بتدریج نرمی آئے گی تاہم دنیا کے سماجی اور اقتصادی امکانات کے بارے میں پریشانی میں شدت آئے گی۔