حافظ آباد‘ پولیس کے ٹارچر سیل میں تشدد سے دیہاتی ہلاک‘ ورثاء کا احتجاج
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد سی۔آئی۔اے پولیس کا دیہاتی کو مبینہ نجی ٹارچر سیل میں رکھ کر ظالمانہ تشدد۔ تشدد سے دیہاتی ہلاک، ورثاء کا پولیس کے خلاف کئی گھنٹے تک احتجاج اور سینہ کوبی۔ تشدد کے مرکزی ملزم اے۔ایس۔آئی بلال ہنجرا سمیت 7پولیس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج۔ کسی بھی ملازم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ سی۔آئی۔اے پولیس کے اے۔ایس۔آئی بلال ہنجرا اور کانسٹیبلان رائے عامر شیر، رانا غلام مصطفیٰ، عاطف شاہ وغیرہ نے لیاقت علی نامی دیہاتی کو چوری کے شبہ میں اسکے گائوں مرزا بھٹیاں سے اٹھایا اور بعدازاں ملازمین مبینہ طور پر اسے اپنی نجی ٹارچر سیل میں رکھ کر کئی روز تک ڈنڈے سوٹوں اور آہنی راڈوں کے ساتھ ظالمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ اس دوران اے۔ایس۔آئی بلال ہنجرا نے لیاقت کے منہ میں زہر بھی ڈالا جس سے اسکی حالات بگڑی تو ملازمین نے اسے نجی ٹارچر سیل سے باہر پھینک دیا۔ جس پر ورثاء لیاقت کو تشویشناک حالت میں ڈی۔ایچ۔کیو ہسپتال لیکر آئے جہاں وہ پولیس کے خلاف ظالمانہ تشدد کا آخری بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے دم توڑ گیا۔