• news

چین کی رواں سال پاکستان میں 85کروڑ 56لاکھ ڈالرز کی براہ راست سرمایہ کاری: سٹیٹ بنک

اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کرنے والے ممالک میں چین سر فہرست رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی گیارہ ماہ میں جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران چین کی جانب سے پاکستان میں 855.6 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ 346 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ مالٹا کا تیسرا نمبر رہا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق مئی 2020ء کے دوران ناروے نے سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی جس کا حجم 57.5 ملین ڈالر رہا ہے اور اس طرح ناروے ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والا ملک رہا ہے جبکہ مئی2020ء کے دوران مالٹا کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری 18.5 ملین ڈالر رہی ہے اور اس ماہ کے دوران مالٹا دوسرے نمبر پررہا ہے۔ اسی طرح ایک ماہ کے دوران پاکستانی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہالینڈ رہا ہے جس کے سرمایہ کاروں نے مئی 2020ء کے دوران پاکستان میں 15.3 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی ہے ۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران ہانگ کانگ، برطانیہ ، ناروے، چین اور جاپان، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے بڑے ممالک تھے۔ جاری مالی سال کے دوران توانائی کے شعبہ میں سب سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی گئی ہے۔ جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران شعبہ میں کی جانے والی ایف ڈی آئی کا حجم 749.6 ملین رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق اس دوران غیر ملکی سرمایہ کاری متوجہ کرنے والا دوسرا بڑا سیکٹر مواصلات رہا ہے جس میں 588.8 ملین ڈالرز کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ تیل و گیس کی تلاش کا شعبہ 275.9 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے اور فنانس بزنس 245.8 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا ہے۔ مزید برآں الیکٹریکل مشینری کے شعبہ میں پانچوں بڑی 153.4 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ایس بی پی کے مطابق مئی 2020ء کے دوران تھری اور فور جی سروسز فراہم کرنے والے مواصلات کے شعبہ میں سب سے زیادہ 73.5 ملین ڈالرز کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اسی طرح ایک ماہ کے دوران 18.6 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی متوجہ کرنے والا دوسرا بڑا شعبہ تیل و گیس کی تلاش کا شعبہ رہا ہے۔ مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مئی 2020ء کے دوران 15.5 ملین ڈالر کی تیسری بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری فنانشل بزنسز کے شعبہ میں کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن