• news

قائد اعظم کے نواسے محمد اسلم جناح 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نواسے محمد اسلم جناح 70 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔ مرحوم اسلم جناح گزشتہ کئی عرصے سے علیل تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔ اسلم جناح کی نماز جنازہ گزشتہ روز بعد نماز ظہر مسجد حبیبہ انڈہ موڑ پر ادا کی گئی۔ مرحوم محمد اسلم جناح کو کراچی میں شاہ محمد قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ چیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نواسے محمد اسلم جناح کے انتقال پرگہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میںغمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے محمد اسلم جناح کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ قائد ایوان سینٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے بھی محمد اسلم جناح کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن