• news

گوجرہ ‘ پولیس تشدد سے 60سالہ شخص ہلاک‘ ورثاء کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج

گوجرہ (نامہ نگار) پولیس تشدد سے 60سالہ شخص کی ہلاکت ورثاء کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج۔ ٹائروں کو آگ لگاکر ورثاء نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی چک نمبر 367ج ب جلیانوالہ کے یونس مسیح کے ورثاء نے موقف اختیارکرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گھر الصبح فیصل آباد میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر عارف جٹ نے سٹی پولیس گوجرہ کے ملازمین کے ہمراہ چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر کے اندر زبردستی داخل ہوگئے جنہوں نے یونس مسیح سمیت اہل خانہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گھر کی تلاشی لی اور اس کے دو بیٹوں ارسلان وغیرہ کو اٹھاکر لے گئی۔ پولیس تشدد سے یونس مسیح کی حالت بگڑنے پر پولیس اس کو چھوڑ گئی جس کو اہل خانہ طبی امدادکے لئے لے جا رہے تھے کہ وہ جانبر نہ ہوسکا، یونس مسیح پولیس تشدد سے دم توڈ گیا۔ ورثاء نے پولیس گردی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یونس مسیح کی نعش سمندری روڈ بائی پاس چوک میں رکھ دی جس سے فیصل آباد ، ملتان چیچہ وطنی سمیت دیگر علاقوں کی ٹریفک بلاک ہوگئی ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائروں کو آگ لگا دی۔ ڈی ایس پی افتخار احمد تارڑ نے کہا کہ وہ معاملہ کو دیکھ رہے ہیں ورثاء کو ہرممکنہ امدادکرتے ہوئے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی۔ سٹی ایس ایچ او ممتاز سہواگ نے بتایاکہ ہم نے ورثاء کو یقین دہانی کرائی ہے یو نس مسیح کے ورثاء نے کہاکہ پولیس پیٹی بندھ بھائیوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے ہمیں انصاف ملتا ہوا نظر نہیں آتا، ہمیں احتجاج رکوانے کے لئے حراساں کیا جا رہا ہے۔ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم اسی طرح اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن