وزارت تعلیم کاکرونا وبا کے باعث بند تعلیمی ادارے کھولنے کا عندیہ
اسلام آباد (نامہ نگار)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے وزارت تعلیم کی جانب سے ایس او پیز کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کورونا وبا کی روک تھام کے لیے بنائے گئے عالمی قوانین پر من و عن عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ مرکزی صدر ملک ابرار حسین کا کہنا ہے کہ دنیا میں سکول جانے والے بچے کورونا سے کم متاثر ہوئے ہیں جس سے توقع ہے کہ سکول کھولنے میں آسانی ہو گی اور بچوں کا قیمتی سال بھی ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیرصدارت منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس میں مروجہ ایس او پیز پر عمل پیرا رہتے ہوئے کورونا وبا کے باعث بند کردہ تعلیمی ادارے کھولنے کا عندیہ دیا گیا ہے جس پر میڈیا کو جاری کردہ اپنے ردِعمل میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایش نے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے مزکورہ فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے حکومتی طے کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل کریں گے اور حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرتے ہوئے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے تاکہ بچوں کا قیمتی سال بچایا جا سکے۔ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے سکول جانے کی عمر کے بچے دنیا بھر میں کورونا سے بہت کم متاثر ہوئے ہیں جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ سکول کھولنے سے کورونا میں اضافے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ وبا کھ دوران تعلیمی اداروں کی بندش سے ہزاروں اساتذہ بیروزگار ہو چکے ہیں اور سینکڑوں تعلیمی ادارے بند ہو گئے ہیں اب بھی وقت ہے کہ حکومت معاملے کی سنگینی کے پیش نظر نجی تعلیمی اداروں کے لییبیل آوٹ پیکج کا اعلان کرے نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو احساس پروگرام کے تحت مالی معاونت کرے اور گیس بجلی کے بلز میں واضح رعایت فراہم کرے تاکہ نجی تعلیمی اداروں کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے ایس او پیز کے تحت اسکولز کھولنے کے معاملے پر اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت اسکولز کھولنے کے معاملے پر حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان، مدارس، پرائویٹ اداروں سے تجاویز طلب کی ہیں۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم ، اساتذہ، طلبہ اور دیگر عملے کی حفاظت کے تمام پہلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈ میپ تیار کر رہی ہے ۔ مزید براں اس معاملے پر وزارت صحت کیساتھ بھی میٹنگ رکھی ہے اور این سی او سی کے ڈیٹا کے تحت کووڈ 19 کے اضافے یا کمی کے رجحانات کو بھی مدنظر رکھ کر حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسکولز کھولنے کے معاملے پر میری وزارت یونیسف سے بھی رابطے میں ہے تا کہ بین الاقوامی سطح پر ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک جن جن ایس او پیز کے تحت اسکولز کھول رہے ہیں انکو بھی مد نظر رکھا جائے اور ہماری حکمت عملی پر بھی یونیسف سے مشاورت جاری ہے ۔شفقت محمود نے کہا انکی خواہش ہے کہ تعلیم جیسے بنیادی اہمیت کے مسلے پر غیر یقینی کی فضا ختم ہو ۔ اعلی سطحی اجلاس میں اسکولز کھولنے کے معاملے پر گیلپ سروے کا تذکرہ بھی ہوا جس کے مطابق ایس او پیز کے تحت اسکولز کھلنے پر 70فیصد والدین نے بچوں کو اسکولز بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کی۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ روڈ میپ فائنل ہونے کے بعد، والدین کو اعتماد میں لینے کے لئے وہ پریس کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے۔