• news

فیصل آباد میں کرونا ایس او پیز کے باوجود کرکٹ میلہ‘ 9 افراد گرفتار

فیصل آباد (آئی این پی) فیصل آباد میں کرونا کے ایس او پیز کے باوجود کرکٹ کا میلہ سجا جس میں 200 سے زائد تماشائیوں نے بھی شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کرکٹ میچ کھیلنے پرکھلاڑیوں سمیت تماشائیوں کے خلاف اجتماع پر کارروائی کی اور ایس او پی کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر کے 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق گرفتار افراد کو گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے ثانی روڑ بدر کالونی میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل منعقد ہونے کی اطلاع ملنے پرپولیس فورس کے ہمراہ موقع پر چھاپہ ماراتو وہاں 200 سے 250 لوگ جمع تھے جنہوں نے نہ تو فیس ماسک پہن رکھے تھے اور نہ ہی ان کے مابین سماجی فاصلہ قائم تھا۔ دوران ریڈ 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ آرگنائزرز کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔ موقع سے 35 موٹرسائیکلیں اور کرکٹ کا دیگر سازوسامان قبضہ میں لے کر تھانہ بھجوا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن