حکومتی نقصان کا ذمہ دار کو ہوگا: چیف جسٹس ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے بغیر تیاری آنے پر برہمی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل خرم سعید کے کیس کی تیاری نہ کر کے آنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا آپکی تیاری نہ کرنے کی وجہ سے حکومتی نقصان کا کون ذمہ دار ہو گا؟ آپ ہمارے سوالات کے جوابات نہیں دے رہے، کیس کیوں تیار نہیں کیا، ہم لکھ رہے ہیں کہ آپ نے تیاری نہیں کی پھر آپکو نوکری سے ہٹا دیں گے۔ کیس خارج ہوا تو حکومت کا نقصان ہوگا۔ نہ آپ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھا ہے اور نہ قانون۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا عدالت مہلت دے کل سے ٹمپریچر ہے۔ عدالت سے معافی مانگتا ہوں۔ استدعا پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل خرم سعید کو تیاری کیلئے مہلت دے دی۔