قوم شریف فیملی کی لوٹ مار کی قیمت ادا کر رہی ہے: شہباز گل
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ قوم کسی کنفیوژن کی نہیں بلکہ شریف خاندان کی کرپشن اور لوٹ مار کی قیمت ادا کر رہی ہے۔ شہباز شریف کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ موصوف فرماتے ہیں کہ میں غریب والدین کے گھر پیدا ہوا جبکہ میرے بھائی کے والد جدی پشتی امیر تھے۔ یہ اقوال ان موصوف کے ہیں جو وزیراعظم پر کنفیوز ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔ کنفیوز وہ ہیں جو لیپ ٹاپ پر ماسک پہنتے جبکہ نیب پیشی پر چوروں کی بارات کے ساتھ جاتے ہیں۔ آپ کا اصل مقصد قوم کو کنفیوز کرنا ہے جس میں آپ کامیاب نہیں ہونگے۔ وزیراعظم کی کرونا پر پالیسی پہلے دن سے واضح ہے جس کی دنیا معترف ہے۔ ہمیں کرونا کے ساتھ زندگی کو پلان کرنا ہے، جب تک اس کی ویکسین دریافت نہ ہو جائے۔ پچھلے ہفتے سے کرونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں کرونا سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح سب سے زیادہ ہے۔آپ کی خواہش تھی کہ سخت لاک ڈاؤن ہو اور لوگ کرونا کے ساتھ ساتھ بھوک سے مریں اور آپ سیاست کریں۔ اپنی اس خواہش کو ناکام ہوتا دیکھ کر دراصل آپ کی فرسٹریشن بڑھتی جا رہی ہے۔