بچی کے اغوا میں معاونت، بلوچستان ہائیکورٹ نے سرفراز بگٹی کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان ہائیکورٹ نے بچی کے اغواء میں معاونت کے کیس میں سینیٹر سرفراز بگٹی کی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔ منگل کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ نے سینیٹر میر سرفراز بگٹی کی ضمانت کی توثیق کے حوالے سے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سینیٹر سرفراز بگٹی کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انکی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔ اس سے قبل سیشن کورٹ نے کیس میں سینیٹر سرفراز بگٹی کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جس کے بعد سرفراز بگٹی نے بچی کے اغوا میں معاونت کے کیس میں ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کررکھی تھی۔ ہائی کورٹ نے سینیٹر سرفراز بگٹی کو بچی کی بازیابی میں معاونت کرنے کے لئے کئی مرتبہ مہلت بھی دی تھی۔ واضح رہے کہ انکے خلاف ایک خاتون نے 10سالہ نواسی کے اغواء میں معاونت کا الزام عائد کیا تھا۔ خاتون کی جانب سے سرفراز بگٹی کیخلاف گذشتہ سال دسمبر میں اپنی نواسی کے اغواء کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔