شہری حدود میں بکر منڈیاں نہیں لگیں گی، گندم کی قیمت میں استحکام کیلئے ہر اقدام کرینگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر کرونا کے ٹیسٹ کی استعداد کار 12 ہزار ہو گئی ہے۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد 671 سے بڑھا کر 1228 کردی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے میو ہسپتال لاہور، نشتر ہسپتال ملتان، یورالوجی ہسپتال راولپنڈی ، سوشل سکیورٹی ہسپتال لاہور اور پی کے ایل آئی لاہور میں 66 وینٹی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔ کرونا ڈیوٹی کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے گریڈ 16 تک کے ملازمین کے لواحقین کو 40 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی اور گریڈ 17 اور اس سے زیادہ گریڈ کے افسران کے لواحقین کو شہید پیکیج کے تحت 80 لاکھ روپے کی مالی امداد دیں گے۔ عثمان بزدار نے ایکٹمرا انجکشن اور دیگر ضروری ادویات ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرکے رپورٹ پیش کریں۔ عثمان بزدار نے نجی ہسپتالوں کے معاملات دیکھنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کیلئے جامع پلان مرتب کرکے جلد پیش کیا جائے۔ عیدالاضحی پر شہری حدود میں بکر منڈیاں نہیں لگیں گی۔ لاہور کے بعض علاقوں کو سیل کرنے کے حوالے سے جلد حتمی پلان پیش کیا جائے اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ان علاقوں کو سیل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔ عثمان بزدار کی زیرصدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور فلور ملوں کو گندم ریلیز کرنے کے حوالے سے مختلف آپشن پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کابینہ سے فلور ملوں کو گندم ریلیز کرنے اور حتمی قیمت مقرر کرنے کی منظوری لی جائے گی اورکابینہ کی منظوری کے بعد فلور ملوں کو کابینہ کی جانب سے مقرر کردہ قیمت پر گندم مہیا کی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں استحکام کے لئے ہرممکن اقدام کرینگے۔ آٹے کی قیمت میں استحکام کے لئے ہر ممکن آپشن کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور بلوچستان کے وزیر تعلیم سردار یار محمد رندنے ملاقات کی۔ ملاقات میں بین الصوبائی ہم آہنگی اور صوبوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کیلئے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دونوں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے۔ بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے اور بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔