• news

1100 روپے اضافہ سے سونا ایک لاکھ 3100 روپے تولہ‘ ڈالر 168 کا ہو گیا

لاہور (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی نے پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دی۔ جیولرز کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار ایک سو روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ مین پہلی بار ایک لاکھ تین ہزار ایک سو روپے ہو گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 9 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار سات سو ستاون ڈالر سے تجاوز کر گئی دوسری طرف کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ روز روپے کی قدر مزید کم ہو گئی انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 7 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح 168 روپے پر پہنچ گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں قیمت 167 روپے 65 پیسے رہی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت ایک روپے کے اضافے سے 168 روپے ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن