• news

4 خود کشیاں: نشتر کالونی دوشیزہ، ہنجروال میں پب جی کے شوقین نے جان دیدی

لاہور/ اوکاڑہ/ وزیر آباد (نامہ نگاران) لاہور کے علاقوں نشتر کالونی میں دوشیزہ نے پسند کی شادی نہ ہونے پر ہنجروال میں سولہ سالہ لڑکے نے ویڈیو گیم کھیلنے سے منع کرنے پر خود کشی کر لی۔ اوکاڑہ میں گھریلو جھگڑے پر خاتون، وزیر آباد میں نشہ کیلئے رقم نہ ملنے پر نوجوان نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ہنجروال کے علاقے گلشن عباس فیز ٹو کا رہائشی سولہ سالہ لڑکا محمد زکریا ہر وقت موبائل فون پر پب جی نامی گیم کھیلتا تھا والدی نے گزشتہ روز ڈانٹ ڈپٹ کی تو محمد زکریا نے دلبرداشتہ ہوکر خود کو کمرے میں بند کرکے پنکھے سے رسی لکا کر پھندا سے خود کشی کر لی۔ یاد رہے لاہور میں چار روز قبل بیس سالہ جوزف نامی نوجوان نے بھی والدین کے آن لائن گیم کھیلنے سے منع کرنے پر خود کشی کر لی تھی۔ علاوہ ازیں نشتر کالونی میں مبینہ طو رپر پسند کی شادی نہ ہونے پر اٹھارہ سالہ لڑکی نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔ اٹھارہ سالہ نوشین نشتر کالونی آشیانہ سکیم میں اپنی بہن کے گھر رہتی تھی پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول برآمد کرکے لاش مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ مزید برآں اوکاڑہ میں گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ خاتون نے زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ شاہ بھور کے گائوں 21/4Lکی رہائشی خالدہ بی بی زوجہ لطف اللہ نے روز روز کے گھریلو لڑائی جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر زہر پی لیا اور ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ وزیر آباد میں نوجوان نے نشہ کیلئے رقم نہ ملنے پر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ موضع حضرت کیلانوالہ کا رہائشی 25 سالہ بشارت علی نشہ کا عادی تھا‘ نے اپنے گھر والوں سے لت پوری کرنے کیلئے رقم کا مطالبہ کیا جس سے انکار پر قریبی کھیتوں میں جاکر درخت کے ساتھ رسی کی مدد سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن