گرمی‘ لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال‘ کراچی‘ بجلی بندش میں اضافے کا اعلان
سوہدرہ (نامہ نگار) سوہدرہ میں شدید گرمی سے گزشتہ رات اور دن میں بجلی کی بندش سے شہریوںکا برا حال ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ تین چار روز سے پڑنے والی شدید ترین گرمی سے بازار سنسان ہو گئے۔ گھنٹوں بجلی کی بندش سے لوگوں نے رات جاگ کر گزاری اور دن کے وقت ٹھنڈی جگہ اور سایہ دار درختوں کے نیچے بیٹھ کر وقت گزارا۔ بار بار بجلی کی بندش نے شہریوں کو جینا محال کر دیا۔ بجلی کی بندش سے کاروباری معاملات بھی بری طرح متاثر ہوئے۔ دوسری طرف کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ رات سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شہر بھر میں شروع کردیا گیا ترجمان کے الیکٹرک نے گیس اور فرنس آئل میں کمی کو لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیداواری صلاحیت شدید متاثرہوئی ہے، گیس اور فرنس آئل کی فراہمی میں بہتری نہ آئی تو لوڈشیڈنگ مزید بڑھ سکتی ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے اور بجلی کی بار بار لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج موسم شدید گرم و خشک رہنے اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ منگل کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 40.6 ‘ بہاولپور 42 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملتان میں گیسٹرو کے 345 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ جبکہ ہیٹ سٹروک کے مریض بھی مختلف سرکاری ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ گردو نواح کے علاقوں میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر سے دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ علاقہ کی مختلف تنظیموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی اور چیف ایگزیکٹو میپکو ملتان سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔