• news

سندھ ہائیکورٹ کا سٹیل ملز کی نجکاری، ملازمین کو فارغ کرنیکی درخواست سننے سے انکار

کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پاکستان اسٹیل ملز لیبر یونین کی اسٹیل ملز کی نجکاری اور9 ہزارملازمین کو نوکری سے نکالنے کے معاملہ پر دائر درخواست سننے سے انکار کر دیا ۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ جب تک سپریم کورٹ آف پاکستان، پاکستان اسٹیل ملز کے حوالہ سے کوئی فیصلہ نہیں کرتی درخواست پر سماعت نہیں کرسکتے۔ دوران سماعت فیڈرل اسٹینڈنگ کونسل نے اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید خان اور وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کروایا جس میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان ا سٹیل ملز کے ملازمین کی سنیارٹی کا معاملہ سپریم کورٹ آ ف پاکستان میں زیر سماعت ہے جبکہ د وران سماعت سپریم کورٹ نے اسٹیل ملز کے خسارے کے حوالہ سے ریمارکس دئیے ہیں اور سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے تحت حکومت پاکستان نے اسٹیل ملز کے9 ہزار اضافی ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے جواب کے بعد جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے اس کی مزید سماعت نہیں کی جاسکتی اگر وفاقی حکومت کے فیصلہ کے خلاف اسٹیل ملز ملازمین کو اعتراض ہے تو وہ سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن