• news

اپوزیشن رہنمائوں نے کرونا پر زبانی خرچ کا ریکارڈ بنایا، متاثرین کو اکیلا چھوڑ کر گھر بیٹھے ہیں:عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان پنجاب اسمبلی کی نئے مالی سال کیلئے ریلیف بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ ارکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثما ن بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ ارکان اسمبلی کے علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے اور جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شدید متاثرہ علاقے سیل کیے۔ ارکان اسمبلی اپنے علاقوں میں حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں۔ کرونا کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔ عوام احتیاطی تدابیر کو عادت بنالیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر بازار اورمارکیٹیں بند کردیں گے۔ سرکاری دفاتر سمیت عوامی مقامات پرماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔ وطن عزیز کرونا وائرس کی وجہ سے غیرمعمولی حالات سے گزر رہا ہے۔ منتخب نمائندے اپنی تمام تر کوششیں موجودہ غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیں۔ پنجاب میں روزانہ12 ہزار ٹیسٹ کرنے کی استعدادکار ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ یہ وقت گھر میں رہنے کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کا ہے۔ اپوزیشن رہنماء صرف باتیں کرنا جانتے ہیں۔ بلند بانگ دعوی کرنے والے مشکل وقت میں متاثرہ بہن بھائیوں کو اکیلا چھوڑ کر گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وباء پر زبانی جمع خرچ کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ کھوکھلے نعرے لگانے والوں نے ایک بھی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر دعوے تو کئے جاسکتے ہیں لیکن کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عملی اقدامات نہیں۔ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں پولیس تشدد سے زیر حراست ملزم کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدارنے معروف ماہر تعلیم اور شعبہ صحافت کے استاد پروفیسر مغیث الدین شیخ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن