• news

سرکاری ٹی وی پر پاکستان کا نامکمل نقشہ دکھانا بلنڈر ہے: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سرکاری ٹی وی سے پاکستان کا نامکمل نقشہ دکھانے کا بلنڈر ہوا ہے، قومی سلامتی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی میاں جاوید لطیف کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مجلس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات نے سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں پاکستان کا نامکمل نقشہ دکھائے جانے کے معاملے پر ایک ہفتے میں مکمل رپورٹ مرتب کرنے کی سفارش کردی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ نقشہ کہاں سے لیا گیا کس کے کہنے پر چلایا گیا۔ مجلس قائمہ کے ارکان کی جانب سے سینیٹر شبلی فراز کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی اور اس امید کا اظہار کیا کہ سینیٹر شبلی فراز وزارت کے ذریعے میڈیا کو درپیش چیلنجز کا تدارک کریں گے۔ چیئرمین کمیٹی میاں جاوید لطیف نے کہا کہ گزشتہ دنوں سرکاری ٹی وی پر پروگرام چلایا گیا جس میں پاکستان کا نامکمل نقشہ دکھایا گیا، کشمیر پاکستان کے نقشے سے غائب تھا، یہ نقشہ کہاں سے لیا گیا کس کے کہنے پر چلایا گیا، چیئرمین مجلس قائمہ نے کہا کہ پاکستان کا نامکمل نقشہ دکھانے کا معاملہ اسمبلی میں بھی اٹھایا، یہ ذمہ داری چیئرمین اور ایم ڈی پی ٹی وی پر عائد ہوتی ہے۔ ناز بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا نامکمل نقشہ نیشنل ٹی وی پر دکھایا جانا ناقابل برداشت ہے، تحقیقات کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے، چیئرمین مجلس قائمہ نے کہا بابر اعوان نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ دو ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے،دیکھنا یہ ہے کہ کیا دو چھوٹے ملازمین کو فارغ کرنے سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان کے نقشے کے سٹینڈرڈ سرکاری ٹی وی کے پاس نہیں، نقشے کے معاملے پر گوگل کا سہارا لیا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن