شعبہ صحافت کے معروف استاد‘ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ انتقال کر گئے
لاہور + اسلام آباد (نیوز رپورٹر + وقائع نگار خصوصی) شعبہ صحافت کی عالمی شخصیت، پنجاب یونیورسٹی کے سابق ڈین اور ادارہ علوم ابلاغیات کے سابق ڈائریکٹر اور ہزاروں صحافیوں کے استاد پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔ان کی نماز جنازہ پنجاب یونیورسٹی جاگنگ ٹریک میں ادا کی گئی اور پنجاب یونیورسٹی کے قبرستان میں تدفین ہوئی۔ نماز جنازہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں پاکستان کی معروف تعلیمی شخصیات بشمول پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری،سلمان غنی،نجم ولی خان، فرید پراچہ،عطائ الرحمان، سلمان عابد،پنجاب یونیورسٹی آسا کے صدرپروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، عدنان رشید، راؤف طاہر، صحافیوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر مغیث کے انتقال پر وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد،پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈین فیکلٹی آف بیہوریل اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید، ڈائریکٹر آئی سی ایس پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم اور فیکلٹی ممبران نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر مغیث کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ پنجاب یونیورسٹی کے ڈینز، صدور شعبہ جات کی جانب سے پروفیسر مغیث کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ شعبہ صحافت ایک عظیم استاد سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے ہزاروں صحافی پیدا کئے اور شعبہ صحافت میں ان کا نام ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ اپنے بیان میں ادارہ علوم ابلاغیات کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا ہے کہ ڈاکٹر مغیث نے شعبہ ماس کمیونیکشن کو انسٹی ٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز اپ گریڈ کیا۔ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نصاب کی ترتیب دی اور نئے کورسز متعارف کرائے ہیں۔ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ یکم جنوری 1951 کو لاہور میں پیدا ہوئے وہ2003 سے 2009 تک ادارہ علوم ابلاغیات کے ڈائریکٹر تعینات رہے۔ڈاکٹر مغیث 2005 سے 2011 تک پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف بیہوریل اینڈ سوشل سائنسز رہے۔ڈاکٹر مغیث 2002 سے 2005 تک چئیرمین ہال کونسل پنجاب یونیورسٹی تعینات رہے۔وہ 2006 سے 2007 تک سٹوڈنٹ ایڈوائزری کمیٹی کے چئیرمین رہے۔انہوں نے امریکہ کی یونیورسٹی آف آئیوا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔انہوں نے 1976 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت، 1977 میں ایم اے سیاسیات کیا۔ انہوں نے آسٹریا میں دو مرتبہ میڈیا ایمڈ گلوبلائزیشن میں پوسٹ ڈاک فیلوشپ کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج ہم شعبہ صحافت کے عظیم استاد سے محروم ہو گئے۔ اﷲ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔