پاکستان افغانستان میں پارلیمانی تجارتی تعاون تعلقات مزید مضبوط بنا سکتا ہے: اسد قیصر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین مستحکم تعلقات دونوں ممالک کی ترقی کیلئے ضروری ہیں، دوطرفہ پارلیمانی، تجارتی اور معاشی تعاون موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے افعانستان کیلئے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ قریبی تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان برادرانہ ہمسایہ ممالک ہیں جو مذہب، ثقافت اور تاریخ کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کو وسط ایشیاء کا ایک گیٹ وے قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوب کو وسطی ایشیاء سے ملانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سپیکر نے دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں اور کاروباری برادریوں کے مابین رابطے تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔