• news

یکساں گندم جاری کی جائے ورنہ ملیں بند کر دینگے: فلور ملز ایسوسی ایشن

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک پنجاب کی طرف سے تشکیل دی جانے والی گندم کی اجرائی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گندم جاری کرنے کی پالیسی پانچ اضلاع کی بجائے پنجاب کے تمام 36 اضلاع کو نہ دی گئی تو پنجاب کی 965 فلور ملیں آٹے کی پیداوار بند کر کے ملوں کی چابیاں وزیراعظم کو پیش کر دیں گی۔ یہ ممکن نہیں ہے کہ پانچ اضلاع میں آٹے کا نرخ 950 روپے اور دیگر اضلاع میں نرخ 1200 روپے فی تھیلا سے بھی کراس کر جائے۔ صرف پانچ اضلاع کو سرکاری گندم دینے کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سیکریٹری خوراک پنجاب کی سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین عاصم رضا احمد پنجاب کے چئیرمین روف مختار سابق چئیرمین میاں ریاض اور حبیب الرحمان لغاری نے مرکزی آفس میں ایک پریس کانفرس میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن پانچ اضلاع کو 1600 روپے فی من سرکاری گندم دے رہی ہے ان میں لاہور گوجرانوالا، فیصل آباد، ملتان اور پنڈی شامل ہیں ۔ جن علاقوں میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی ان میں تھیلا 950 روپے کا ملے گا۔ انہوں نے کہا 27 جون کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا جس میں مذکورہ فیصلے پر ملیں بند کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت صوبہ میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانا چاہتی ہے توصوبہ بھر میں فلور ملز کو برابری کی بنیاد پر گندم کا اجراء کرے۔

ای پیپر-دی نیشن