عام مفروضہ ہے ٹڈی دل کھانے سے کرونا ختم ہو جاتا: ریاض فتیانہ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے بھی کرونا کے حوالے سے منفرد بیان دے کر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ ریاض فتیانہ نے 24 جون کو قومی اسمبلی میں اپنے مختصر خطاب میں بجٹ پر بات کرنے سمیت کرونا کی وبا اور ملک پر ٹڈی دل کے حملوں پر بھی بات کی۔ ریاض فتیانہ نے کہا کہ ٹڈی دل کے حوالے سے عام مفروضہ پایا جاتا ہے کہ انہیں کھانے سے کرونا کی وبا ختم ہوجاتی ہے۔ رکن قومی اسمبلی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت اس مفروضے سے متعلق تحقیق کروائے اور اگر یہ ثابت ہوجائے کہ واقعی ٹڈی دل سے کرونا ختم ہوجاتا ہے تو حکومت کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی۔