• news

حکمرانوں کے 6 مہینے باقی ، وزیر بھی خود ناکامی کا اعتراف کررہے ہیں: سراج الحق

لاہور‘اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم کے صاحبزادے مفتی نعمان نعیم سے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پرسینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفتی محمد نعیم عالم اسلام کے عظیم سپوت اور جید عالم دین تھے، ان کی قائم کردہ درس گاہ رشدو ہدایت کا مرکز ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے ، پی ٹی آئی کے وزرا کا اعتراف ہے ہم ناکام ہوگئے ہیں۔ حکمران خود کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس پانچ چھ مہینے باقی ہیں۔ کراچی پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر ہے۔ یہاں لوڈ شیڈنگ ہونا باعث شرم ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے ممتاز ذاکر و عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر اہل خانہ اور دیگر افراد سے ملاقات کی اور مرحوم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سراج الحق نے طالب جوہری کی دینی و علمی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن