• news

گیس کی قیمتوں میں اضافہ، آج سوئی سدرن کی درخواست کی سماعت دوبارہ ہوگی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے آج سوئی سدرن کی درخواست کی سماعت دوبارہ ہوگی۔ اس سے قبل سوئی نادرن کی درخواست کی سماعت پر چیئرپرسن اوگرا نے کہاہے کہ گیس قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اتھارٹی اوگرا آرڈیننس کے تحت فیصلہ کرے گی۔ گزشتہ روز سوئی نادرن گیس کمپنی لمیٹڈ جانب سے گیس کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران متعلقہ شراکت داروں کی جانب سے دلائل دیئے گئے۔ رہنما سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہاکہ تمام صارفین کو گیس ایک خاص قیمت پر دی جائے۔ قیمت میں کسی خاص سیکٹر کو رعایت نہ دی جائے۔ ہماری گیس کمپنیاں اپنے ہیومن ریسورس کو غیر معمولی طور پر پھیلاتی جارہی ہیں۔ غیاث پراچہ نے کہاکہ گیس کمپنیوں کی درخواست میں حقائق کی پردہ پوشی کی گئی ہے۔ غیاث پراچہ نے مطالبہ کیاکہ پٹرولیم مصنوعات کی طرح گیس قیمتوں میں عوام کو ریلیف ملنا چاہئے۔گیس کمپنیوں کے نقصانات کی شرح میں کمی نہیں آرہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن