• news

برسلز‘ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف یورپی ہیڈکوارٹرز کے سامنے مظاہرہ

برسلز(این این آئی)کشمیرکونسل یورپی یونین کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف برسلز میںیورپی ہیڈکوارٹرز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرہ پیلس شومان برسلز کے مقام پر یورپی کمیشن اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے دفاتر کے سامنے کیا گیا۔ مظاہرین نے ماسک لگا رکھے تھے او ر کورونا وائرس کے حوالے سے دیگر احتیاطی تدابیر پر بھر پور عمل کیا۔انہوںنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر واستبداد کے خلاف نعرے رقم تھے۔ مظاہرے میں ،جس کی قیادت کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے کی، چوہدری خالد جوشی، سردار صدیق، راؤ مستجاب، راجہ خالد، ملکاجمل، ندیم مہر، راجہ عبدالقیوم، سلیم احمد، شیخ الیاس، سید انصار شاہ، عثمانجوشی، اصغر بٹ اور ظہیر زاہدسمیت کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے دیگر لوگوں اور انکے رہنمائوں نے شرکت کی ۔علی رضا سید نے اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف محکموم کشمیریوں کے ساتھ بھارتی حکمرانوں کے ظالمانہ سلوک کو روکے بلکہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ انکے متعصبانہ رویے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سمجھنا چاہیے کہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے جبکہ کشمیری گزشتہ قریباً گیارہ ماہ سے بھارتی محاصرے میں زندگی گزار رہے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن