• news

کرونا:پنجاب کے 86 افراد سمیت مزید 123 اموات، 3591 نئے کیس

اسلام آباد ، گوجرانوالہ (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار+ خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں وائرس کے ایک لاکھ 94 ہزار 613 جبکہ اموات 3 ہزار 931 تک پہنچ گئیں۔ کرونا وائرس کے مزید 3591 نئے کیسز اور 123 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 553 لوگ اس وائرس سے شفایاب ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 1098 نئے کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا۔ ایک ہزار 98 نئے ٹیسٹ مثبت آئے، تعداد 75 ہزار 168 ہوگئی۔ ہلاکتیں 1178 تک پہنچ گئی۔صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 1655 نئے کیسز اور 86 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 655 افراد متاثر ہوئے، مجموعی کیسز 71 ہزار 191 ہوگئی۔ ہلاکتیں 1602 ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 227 افراد کو متاثر کیا جبکہ 7 افراد لقمہ اجل بنے۔ گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ تعداد 1337 سے بڑھ کر 1365 تک پہنچ گئی۔ خیبر پی کے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، بلوچستان میں ایک مریض جان بحق، آزاد کشمیر میں بھی مزید 38 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔ مزید 38 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے کیسز کی تعداد 892 سے بڑھ کر 930 ہوگئی۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 553 لوگ اس وائرس سے شفا پاگئے، صحتیاب 81 ہزار 307 ہوگئے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے بتایا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 235 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے تمام ائیرلائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی۔ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے بتایا کہ تمام ائیر لائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے، 27 جون سے جو مسافر پاکستان سے باہر جائیگا تو ائیرپورٹ پر اس کی اسکریننگ کی جائے گی اور پاکستان سیباہر جانے والے اگر بیمار ہیں یا ان میں علامات ہیں تو وہ ائیر پورٹ نہ آئیںمعید یوسف کا کہنا تھا کہ 26 سے 30 جون تک 70 پروازیں پاکستان آئیں گی جن کے ذریعے 40 سے 45 ہزار پاکستانی واپس آئیں گے، 2 سے 3 ہفتوں میں اپنے تمام بیرون ملک پاکستانیوں کو واپس لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ستراہ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ،رکن قومی اسمبلی سید افتخار الحسن شاہ میں کرونا وائرس مثبت آنے پر سٹی صدر مسلم لیگ ن محمدافضل منشائ،ایڈیشنل سیکرٹری احمد وڑائچ ایڈووکیٹ، سابق ناظم ظفراقبال ڈار ،تحصیل صدر خواتین ونگ رفعت شفیع سمیت لیگی رہنمائوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اللہ پاک کے حضور دعاگو ہیں کہ انہیں جلد صحت وتندرستی عطا فرمائیں۔ معاون خصوصی ظفر مرزا کی ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد سے ویڈیو کانفرنس پر بات ہوئی کرونا سے متعلق پاکستان کے اقدامات اور ڈبلیو ایچ او کی ممکنہ معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں ہیلتھ کیئر پر توجہ بغیر کسی تعطل کے مرکوز رہی۔ روزانہ کی بنیاد پر کرونا کا جائزہ لینے کیلئے این سی او سی کا قیام عمل میں لائے اس وقت ملک بھر میں 543مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کیا گیا ہے۔35 ایس او پیز ڈیزائن کئے گئے ہیں اور لوگوں کو آگاہی دی جا رہی ہے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ظفر مرزا کی جانب سے عید الاضحی کے حوالے سے ہیلتھ گائیڈ لائنز پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔ ظفر مرزا کی ریجنل ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او سے گائیڈ لائنز میں اعانت فراہم کرنے کی درخواست کی این سی او سی کے سربراہ نے کرونا سے متعلق نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر احمد نے پاکستان کی کرونا سے نمٹنے کاوشوں کو سراہا۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او نے اس حوالے سے ہر قسم کی سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاق کے مضافاتی علاقے غوری ٹائون کے دو سیکٹرز کو آج صبح سے سربمہر کرنے کا حکم د ے دیا۔ غوری ٹائون کے فیز فور اے اور فیز فائیو کو غیر معینہ مدت کیلئے سیل کر دیا گیا ہے۔ قبل انتظامیہ نے سیکٹر جی سکس جی سیون سیکٹر جی ٹی کو سب سیکٹرز کو سیل کیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں کرونا سے متاثرہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے درمیان مجموعی طور پر بارہ افراد ہلاک جبکہ 57 افراد میں کرونا کی تشخیص۔ گوجرانوالہ میں 9 گجرات ,17 حافظ آباد 13نارووال 16، سیالوٹ میں 2 افراد میں کرونا کی تشخیص۔
واشنگٹن، جنیوا (نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد4 لاکھ 84 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ متاثرہ افرادکی تعداد 95 لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد51 لاکھ 75 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دنیا بھرمیں 58ہزار 421 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ امریکہ میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 24ہزار سے بڑھ گئی۔ جبکہ 24لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ برازیل 11لاکھ سے زائد کرونا کیسز والا دوسرا ملک ہے جہاں اموات کی تعداد53ہزار8 سو سے زائد جبکہ کیسزکی تعداد11 لاکھ 92 ہزار سے تجاوزکرگئی۔ روس میں اموات8 ہزار5 سو سے تجاوز کر گئی۔ متاثرین6 لاکھ 6 ہزار سے بڑھ گئی۔ برطانیہ میںکرونا سے اموات کی تعداد43 ہزار جبکہ 3 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ برطانیہ میں کرونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو کردیا گیا ہے اور کرونا مریضوں سے ملاقات کرنے والوں کو آئسولیٹ کیا جا رہا ہے۔ اٹلی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار 6 سو جبکہ دو لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار تین سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ ادھر عالمی ادارہ صحت میں ہنگامی صورت حال کے ڈائریکٹر مائیکل رائن نے خبردارکیا ہے کہ براعظم امریکا کے علاقوں میں کوویڈ-19 کی وبا بھرپور طور سے پھیل رہی ہے۔ بالخصوص وسطی امریکا اور جنوبی امریکا میں ، یہ وبا ان میں سے کئی ممالک میں ابھی تک نقطہ عروج پر نہیں پہنچی ہے۔ ایران کے نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے بتایا ہے کہ ایران کے دو اضلاع قم اور جیلان میں کرونا کے40 فی صد افراد کرونا کا شکار ہوئے ہیں۔ جب کہ تہران میں مجموعی طور پر15فی صد آبادی کرونا کاشکار ہے۔ کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 501 ہوگئی ہے۔ بھارت میں کرونا وائرس کے نئے کیسز میں ہر روز اضافے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 16,922 نئے مریض آنے سے متاثرین کی تعداد پونے پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئی متاثرین کی تعداد4,73,105 ہوگئی ہے۔ ہلاکتوں 14,894 ہوگئی ہے۔ میکسیکو میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس سے مزید 947افراد ہلاک ہوگئے۔فرانس میں حکومت نے تین ماہ بعد کرونا سے مرنے اور متاثر ہونے والوں کی تعداد میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کردیا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے اس اعلان کے بعد کاروبار کھل گیا، جبکہ مختلف تفریح مقامات بھی کھول دیئے گئے ہیں۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پیرس کا مشہور ایفل ٹاور بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ عوام کیلئے کھول دیا گیا، جس پر شہری بے حد خوش ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن