پنجاب اسمبلی:پاکستانی عملے کوہراساں کرنے پر مذمتی 3قرارداد،طالبہ کی ہلاکت پر توجہ دلا ؤنوٹس
لاہور( خصوصی نامہ نگار )پنجاب اسمبلی میں بھار ت میںتعینات پاکستانی سفارتی عملے کوہراساں کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی،مہنگی گندم،ڈی جی خان میں خاتون کاکاروکاری پر قتل کرنے کیخلاف قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع کردی گئیںجبکہ تھرڈ ائیر طالبہ کی ہلاکت پر توجہ دلاؤنوٹس جمع کرادیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی سفارتی عملے کو مسلسل ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے،بھارت کے اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے،بھارتی سرکار کی جانب سے پاکستان کے سفارتی عملے کو ہراساں کرناعالمی قوانین اور جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خاف ورزی ہے،عالمی برادری بھارت کے منفی ہتھکنڈوں کا نوٹس لے۔علاوہ ازیںپنجاب میں گندم 18سو سے 2ہزار روپے فی من فروخت کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔پنجاب حکومت اپنے مقرر کردہ ریٹس پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے ڈی جی خان میں پنچائت کے فیصلے پر 57سالہ خاتون کو کاروکاری میں قتل کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔خاتون راج بی بی نے قتل سے قبل پولیس کو جان کے خطرے سے آگاہ کیا۔لیکن پولیس نے اس کے باوجود خاتون کو تحفظ فراہم نہیں کیا۔ادھر تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائے گئے توجہ دلائو نوٹس کے متن میں استفسار کیا گیاہے کہ کیا راولپنڈی ہولی فیملی ہسپتال میں نرسنگ کی تھرڈ ائیر کی طالبہ سمیعہ ہاسٹل و ہسپتال انتظامیہ کی غفلت سے بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث ہلاک ہو ئی۔سمیعہ کو بروقت طبی امداد نہ دینے والوں کے خلاف محکمانہ و پولیس کارروائی سے متعلق آگاہ کیا جائے۔