وزیراعظم نے 6 ماہ دیدیئے‘ کارکردگی نہ دکھانیوالے وزراء تبدیل ہونگے‘ شبلی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزر اکو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے اچھی کارکردگی نہ دکھانے والے وزراء کو6 ماہ بعد تبدیل کردیا جائے گا۔ 6ماہ بعد ہمارے اڑھائی سال رہ جائیں گے۔ دراصل وزیراعظم نے سنگِ میل دیا کہ مڈ ٹرم سے پہلے ہمیں کام ختم کر لینے چاہئیں ۔وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو یہ 6 ماہ دئیے ہیں کسی اور نے نہیں دیئے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نیک نیتی سے ملک کو چلا رہے ہیں۔ وزرا ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں، اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، اگر ہم کسی بات پر اتفاق رائے نہ ہو تو تنقید بھی ہوتی ،کابینہ ہو یا پارٹی ہم مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ جہاں تک اعتراضات والی بات پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں ہونی چاہیے، ہر کسی کے گلے شکوے ہوتے ہیں لیکن لیڈر حالات کے تناظر میں دیکھتا ہے، ارکان اسمبلی کو تحفظات کا اظہار باہر نہیں کرنا چاہیے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ وعدے ایک وقت میں پورے نہیں ہوسکتے، وسائل اتنے کم ہیں کہ ساری چیزیں ایک وقت میں نہیں کرسکتے بہر حال حکومت وعدے پورے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔