سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کی دولت میں کمی ، 37 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہ گئی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سوئس بنکوں میں پاکستانی شہریوں کی رکھی گئی دولت 2019 ء میں مزید 53 فیصد گر کر 377 ملین ڈالر تک رہ گئی۔ سوئٹزرلینڈ دولت چھپانے کیلئے پاکستانیوں کا پسندیدہ ٹھکانہ نہیں رہا۔ سوئس نیشنل بنک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق یہاں کے بنکوں میں پاکستانی شہریوں کی رکھی گئی دولت 2019 ء میں مزید 53 فیصد گر کر 377 ملین ڈالر تک رہ گئی۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دو ایمنسٹی سکیموں کے باوجود پاکستان اس کا فائدہ نہیں اٹھا پایا۔ اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کی طرف سے معلومات کے تبادلے میں پڑکے جانے کے باوجود قریباً 200 پاکستانیوں کو ان سکیموں کی بدولت کالا دھن سفید کرنے کی اجازت دی گئی۔ ایف بی آر کا کمزور انتظامی ڈھانچہ بھی ان معلومات سے فائدہ نہ اٹھانے کی وجہ بنا۔ گزشتہ برس 377 ملین ڈالر رہنے والی رقم 2018 ء میں 725.2 ملین ڈالر تھی۔ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے اثاثے کم ہونے کا یہ مسلسل چوتھا سال ہے جو 2015 ء میں ڈیڑھ ارب ڈالر تھے۔