• news

مہنگائی، ذخیرہ اندوزی کا سدباب،مون سون پلاننگ، عوامی خدمت ، وزیراعلیٰ متعلقہ محکموں پر برہم،کام کرکے دکھانا ہوگا: عثمان بزدار

لاہور( نیوز رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب، مون سون کی پلاننگ اور عوامی خدمت کے دیگر امور کے بارے میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر برہم ہو گئے۔ عثمان بزدار نے بروقت اقدامات نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں ۔ سرکاری محکمے عوامی مسائل کے حل کیلئے پیشگی اقدامات کریں۔عوام کے مسائل کے حل کے لئے درکار اقدامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں۔کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ مون سون کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ مسائل کے ازالے کے لئے پلاننگ کی جائے اورعوامی نمائندوں کو مون سون اور دیگر امور کے بارے میں مشاورت میں شریک کیا جائے۔ سپیشل برانچ صوبہ بھر میں ادویات اور اینٹی سپٹیک محلول کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کرے۔ادارے واسا کی تیاریوں کے امور کی بھرپور مانیٹرنگ کر کے رپورٹ پیش کریں ۔ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے ممکنہ مسائل کا پیشگی ادراک کیا جائے۔ واسا اور میونسپل کارپوریشنیں ایسی پلاننگ کریں کہ عوام کو قطعاً دشواری نہ ہو۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ادویات اور دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخ میں اضافہ قطعاً قابل قبول نہیں۔ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔ گرانفروشوں کے احتساب کیلئے موثر اور فول پروف نظام وضع کیا جائے۔فیصل آباد میں واسا کے امور میں کوتاہی اور ابتری انتہائی افسوسناک ہے - واسا فیصل آ باد 20 روز میں عدالتی احکامات پر خراب سیوریج کو ٹھیک کرے - کرونا ادویات کے نام اور نرخ ہر فارمیسی کے باہر آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے - عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی پنجاب کے تمام شہریوں کا حق ہے ، ماضی میں ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔نئے مالی سال کے بجٹ میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ارکان اسمبلی سے ملاقات میں وزیر اعلی نے کہا کہ ا رکان اسمبلی میرے دست و بازو ہیں ، انہیں عزت و احترام دیں گے -ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں ارکان اسمبلی کی تجاویز قابل قدر ہیں - ہر شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، پنجاب بدل رہا ہے ۔ پنجاب میں ترقی عوام پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گی۔ ہر شہری کے مسائل کا ادراک ہے ، دل و جان سے ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔ اقلیتوںکی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے - عثمان بزدار سے فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر اقبال چودھری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی وزیراعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی وزیراعلیٰ نے کہا سابق دور میں ذاتی پسند و ناپسند کی پالیسی نے ملک کا نقصان کیا سابق حکمرانوں نے ایسے منصوبے شروع کئے جس کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑا ماضی کے دور میں سرکاری وسائل کو ذاتی مال سمجھ کر خرچ کیا گیا ہماری حکومت نے ہر سطح پر بچٹ اور کفات شعاری کو فروغ دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن