سی پیک، کوہالہ پن بجلی منصوبے سے سالانہ 5ارب یونٹ سستی بجلی مہیا ہوگی: عاصم باجوہ
اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات وچیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ر عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت آزاد جموں و کشمیر میں 1124میگاواٹ کے کوہالہ پن بجلی سہ فریقی منصوبے پر کامیابی کے ساتھ دستخط ہوگئے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ بڑا مناسب وقت ہے جو وزیر اعظم کے تعمیراتی شعبے اور اس سے متعلقہ صنعت کی بحالی کے لئے مدد گار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے سے 5 ہزار لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2 ارب 40 کروڑ ڈالرز کی یہ سرمایہ کاری پاکستان اور آزاد کشمیر میں آئی پی پیز کے کسی بھی منصوبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ اس منصوبے سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں صارفین کو سالانہ 5 ارب یونٹ ماحول دوست اور سستی بجلی مہیا ہو گی۔ حکومتِ پاکستان نے سی پیک کے خصوصی اقتصادی علاقوں کے تحت ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ) کو تیز کرنے کو اپنی اہم ترجیحات کا حصہ بنایا ہے۔ خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی) نے حطار اکنامک زون اور حطار خصوصی اقتصادی علاقے میں صنعتی سہولیاتی مرکز قائم کیا ہے۔ حطار خصوصی اقتصادی علاقہ اور پشاور اور گدون میں صنعتی سہولیاتی مرکز کے قیام کا مقصد صنعتکاروں کی طرف سے خصوصی اقتصادی علاقے کی بروقت تکمیل کے لئے سرکاری محکموں کے ساتھ ہم آہنگی کو آسان بنانا ہے۔