دنیانے کشمیر پر بھارتی بیانیے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا: شبلی فراز
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی کامیاب سفارتی کوششوں اور عالمی میڈیا پر معاملہ بہتر انداز سے اجاگر ہونے پر دنیا نے کشمیرکے حوالے سے بھارت کے بیانیے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتا رہے گا اور ہر فورم پر بھارتی بربریت سامنے لاتے رہیں گے۔ 50 سالوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاسوں میں مسئلہ کشمیر زیر بحث لایا گیا۔ وہ وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام ’’تشدد کا عالمی دن اور کشمیر میں بھارتی انتہا پسندی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی، سفیر آصف درانی، ڈاکٹر ماریہ سلطان، حریت کانفرنس کے نمائندہ ایڈوکیٹ پرویز احمد سمیت نمایاں شخصیات سیمینار میں شریک تھیں۔ شرکائکو بھارتی بربریت، کے نئے واقعات، مسئلہ کشمیرپر عالمی برادری کا ردعمل، کشمیریوں کی ہمت اور جرأت کے حوالے سے ڈاکومنٹری فلم دکھائی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ 1990 سے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم میں اب مزید تیزی آ گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، وفاقی وزیرسینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ بھارت ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے عالمی برادری مقبوضہ وادی کے زمینی حقائق کا جائزہ لے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت اور زمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اورکشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات اکبر حسین درانی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی زمینی حقائق کا جائزہ لے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کرے۔دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں سے مسئلہ کشمیر نمایاں ہوا ہے علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جب سے شوگر رپورٹ سامنے آئی ہے، (ن) لیگی قیادت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ احسن اقبال آج شوگر مافیا کی وکالت کر رہے تھے۔ وہ جانتے ہیں کہ اس مافیا کی سرغنہ ان کی قیادت ہے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تین مہینوں کے اندر سب بے نقاب ہو جائے گا، قوم جان لے گی کہ انہیں کیسے لوٹا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عنقریب انشاء اللہ عوام کوسستی چینی ملے گی۔